انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعرات کو آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی برانڈ شناخت اور میزبان شہروں کا باضابطہ اعلان کر دیا، جو طویل عرصے بعد کرکٹ کے اس بڑے عالمی ایونٹ کی افریقہ میں واپسی کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
تقریب جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے اِناندہ پولو کلب میں منعقد ہوئی، جہاں آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کی مہم کا نعرہ "Make the Circle Bigger" متعارف کرایا۔ یہ تھیم افریقی فلسفے "اوبنٹو (Ubuntu)" سے متاثر ہے، جو اتحاد، شمولیت اور کمیونٹی کے جذبے کی نمائندگی کرتا ہے۔
2027 کا ورلڈ کپ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر اکتوبر اور نومبر میں منعقد کریں گے۔ ٹورنامنٹ کے میچز 12 مقامات پر کھیلے جائیں گے، جن میں جنوبی افریقہ کے آٹھ، زمبابوے کے تین اور نمیبیا کا ایک میدان شامل ہوگا۔
اس عالمی مقابلے میں دنیا کی بہترین 14 ون ڈے ٹیمیں شرکت کریں گی، جبکہ ٹورنامنٹ کے ذریعے جنوبی افریقہ کی ثقافت، روایات اور افریقی ورثے کو بھی دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
:جنوبی افریقہ کے میزبان میدان
وانڈرز اسٹیڈیم، جوہانسبرگ -
سنچورین، تشوانے -
نیولینڈز، کیپ ٹاؤن -
کنگزمیڈ، ڈربن -
سینٹ جارجز پارک، گکیبرھا -
منگاونگ اوول، بلوم فونٹین -
بولینڈ پارک، پارل -
بفلو پارک، ایسٹ لندن -
:زمبابوے میں میچز کے مقامات
ہرارے اسپورٹس کلب -
کوئنز اسپورٹس کلب، بلاوایو -
وکٹوریہ فالز میں واقع فیلے موسیٰ اوآ تُنیا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم -
نمیبیا پہلی بار ورلڈ کپ میچز کی میزبانی کرے گا، جہاں دارالحکومت ونڈہوک میں واقع نمیبیا کرکٹ گراؤنڈ مقابلوں کی میزبانی کرے گا۔
آئی سی سی کے مطابق ٹورنامنٹ کا لوگو اور بصری ڈیزائن روایتی افریقی بُنی ہوئی گول ٹوکری سے متاثر ہے، جو مہمان نوازی، اتحاد اور مشترکہ تجربات کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ میزبان شہروں اور ٹورنامنٹ برانڈ کا اعلان ایک ایسے سفر کا آغاز ہے جو دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو متحد کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ 24 سال بعد کرکٹ ورلڈ کپ کی افریقہ واپسی ایک تاریخی موقع ہے اور انہیں یقین ہے کہ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا ایک یادگار ایونٹ کی میزبانی کریں گے۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجے گپتا نے کہا کہ یہ ایونٹ صرف ایک کرکٹ مقابلہ نہیں ہوگا بلکہ افریقہ کی مختلف ثقافتوں، عوام اور کھیل سے محبت کو بھی اجاگر کرے گا۔
مقامی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین ٹریور مینوئل نے کہا کہ 2027 کا ورلڈ کپ صرف ایک کھیلوں کا ایونٹ نہیں بلکہ افریقہ کی مہمان نوازی، ثقافتی تنوع اور کمیونٹیز کی ترقی کا ذریعہ بھی ہوگا۔
آرگنائزنگ کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو کونڈیسہ نگونیا نے کہا کہ "Make the Circle Bigger" کا نعرہ کرکٹ کو مزید لوگوں تک پہنچانے اور ایک جامع ٹورنامنٹ کے انعقاد کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
تقریب میں تینوں میزبان ممالک کے کئی سابق اور موجودہ کرکٹ ستاروں نے بھی شرکت کی، جن میں جنوبی افریقہ کے گریم اسمتھ، مکایا نٹینی، ہاشم آملہ، ٹیمبا باووما اور کاگیسو ربادا، زمبابوے کے ہیملٹن ماساکادزا اور نمیبیا کے رڈولف جانسن وان وورین شامل تھے۔
2027 ورلڈ کپ میں زیادہ دلچسپ اور مسابقتی مقابلوں کے لیے 57 میچز پر مشتمل نیا فارمیٹ متعارف کرایا جائے گا۔
ابتدائی سپر سیریز کے ذریعے 12ویں سے 14ویں رینک والی ٹیموں میں سے آخری کوالیفائر کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس کے بعد باقی 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں سے بہترین ٹیمیں سپر سیون مرحلے میں پہنچیں گی، جس کے بعد سیمی فائنلز اور فائنل کھیلا جائے گا۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے۔ جنوبی افریقہ اور زمبابوے اس سے قبل 2003 کے ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کر چکے ہیں، جبکہ نمیبیا پہلی بار ورلڈ کپ میچز کی میزبانی کرے گا۔
منتظمین کے مطابق تیاریاں شروع ہو چکی ہیں اور مقصد ایک ایسا ٹورنامنٹ منعقد کرنا ہے جہاں عالمی معیار کی کرکٹ کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ کی ثقافت اور روایات کو بھی دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔
ایک تبصرہ شائع کریں
0 تبصرے